مرکزی تاجر اتحاد ٹھٹھہ کا منشور اس عزم کی گواہی ہے کہ ہم تاجروں کی صرف ایک تنظیم نہیں بلکہ ان کے اعتماد، حوصلے اور اتحاد کی مضبوط ڈھال ہیں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ شہر اور ضلع کے ہر چھوٹے بڑے تاجر کو ایک ایسے پلیٹ فارم پر جمع کریں جہاں اس کی آواز کو عزت ملے، اس کا حق محفوظ ہو اور اس کی مشکلات کو تنہا اس کا بوجھ نہ رہنے دیا جائے۔ ہمارا ایمان ہے کہ *جب تاجر متحد ہوتے ہیں تو ظلم، ناانصافی اور کرپشن کی سب دیواریں گر جاتی ہیں۔
مرکزی تاجر اتحاد ٹھٹہ کا مشن ہے کہ ایک ایسی تاجر برادری تشکیل دی جائے جو ایمانداری، دیانت اور بھائی چارے کی بنیاد پر استوار ہو۔ ہمارا مقصد تاجروں کو ایک ایسے پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے جہاں وہ اپنی مشکلات بیان کرنے سے نہ گھبرائیں اور انہیں فوری مدد اور تعاون ملے۔ کاروباری ماحول کو کرپشن، رشوت، ناجائز دباؤ اور غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک کیا جائے۔ تعلیم یافتہ نوجوان تاجروں کی رہنمائی کی جائے اور انہیں جدید کاروباری تقاضوں سے روشناس کرایا جائے تاکہ وہ معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ تاجر برادری میں احساسِ تحفظ، اتحاد اور قربانی کے جذبے کو زندہ رکھا جائے۔ ۔
ہم ٹھٹہ کو ایک ایسا مثالی ضلع بنانا چہتے ہیں جہا تجارت صرف جائز، قانونی اور شفاف بنیادوں پر ہو کوئی تاجر کرپشن یا غیر قانونی راستوں پر مجبور نہ ہو۔ بازار انصاف، بھائی چارے، امن اور ترقی کی علامت ہوں۔ ہر تاجر اپنی محنت کی کمائی سے عزت کے ساتھ زندگی گزار سکے۔ مرکزی تاجر اتحاد ٹھٹہ صرف ایک تنظیم نہ ہو بلکہ ایک ایسی طاقتور برادری ہو جس پر ہر تاجر بھروسہ کر سکے۔ یہ منشور ایک پکار ہے، ایک عزم ہے، اور ایک جنگ کا اعلان ہے کرپشن، ناانصافی، منشیات اور ظلم کے خلاف۔ ہم تاجروں کو یقین دلاتے ہیں کہ جب وہ حق پر ہوں گے تو مرکزی تاجر اتحاد ٹھٹہ ان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہوگا۔